علی ساہی: توانائی بحران کے اثرات اب قانون نافذ کرنے والے اداروں تک بھی پہنچ گئے ہیں، جہاں مالی وسائل میں کمی کے باعث عملی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کے فیول فنڈ میں تقریباً 50 فیصد کٹوتی کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں پولیس گاڑیوں کی نقل و حرکت اور گشت متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب فائنانس ڈیپارٹمنٹ نے چوتھے کوارٹر کے لیے 40 فیصد فنڈز کے بجائے صرف 20 فیصد جاری کیے ہیں، جس سے مالی دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پٹرول کے لیے مختص مجموعی رقم بھی 10 ارب کے بجائے 8 ارب روپے تک محدود کر دی گئی ہے، جبکہ اسی کوارٹر میں 4 ارب میں سے 2 ارب روپے کی بڑی کٹوتی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی تقریباً 90 فیصد گاڑیاں فیلڈ فارمیشنز میں استعمال ہوتی ہیں، جبکہ صرف 10 فیصد ہیڈکوارٹرز کے پاس ہیں، ایسے میں فیلڈ میں کام کرنے والی گاڑیوں کو ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہو سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ فنڈز فیلڈ اور ہیڈکوارٹر دونوں سطح پر ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہیں، جس سے گشت اور دیگر آپریشنل سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔