ویب ڈیسک: ملک بھر میں موسم نے ایک بار پھر شدت اختیار کرنے کا عندیہ دے دیا ہے جبکہ متعلقہ اداروں نے شہریوں کو پیشگی خبردار کر دیا ہے۔
لاہور میں صبح سویرے ہلکی خنکی اور افق پر سورج کے دلکش جلوے دیکھنے میں آئے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج درجہ حرارت 17 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد اور ہوا کی رفتار 3 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے 6 سے 9 اپریل کے دوران لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ لاہور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے، تاہم تیز ہواؤں اور آندھی کے سبب کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے وسطی و جنوبی اضلاع میں بھی بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، کراچی سمیت اندرون سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں، خصوصاً کوئٹہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔