کلیم اختر: سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ڈی جی پیرا نے مجوزہ قوانین پر بریفنگ دی جبکہ ڈی جی فوڈ نے روٹی اور آٹے کے نرخوں سمیت کارروائیوں سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے واضح کیا کہ پنجاب میں بین الاضلاعی سطح پر آٹا اور گندم کی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں تاہم ناجائز ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کے لیے بین الصوبائی ترسیل کے لیے فوڈ ڈائریکٹوریٹ کا پرمٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ متعدد اضلاع میں سیلابی صورتحال کے باوجود گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں سخت کی جائیں اور فوڈ ڈائریکٹوریٹ کو گندم اسٹاک رکھنے والے لائسنس ہولڈرز کی رپورٹ فوری طور پر پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔