حاشر احسن:راول ڈیم میں پانی کی سطح 1752 فٹ تک پہنچنے پر حکام نے سپل ویز کھول دیئے ہیں تاکہ اضافی پانی کو خارج کیا جا سکے۔ سپل ویز کے کھلنے سے کورنگ نالہ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے پیشِ نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اردگرد کی آبادیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کورنگ نالہ کے قریبی علاقوں میں رہنے والے افراد نالے کے قریب نہ جائیں اور خاص طور پر تیز بہاؤ کے دوران نالہ یا اس پر بنے عارضی پل عبور کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
حکام نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ کر دیا ہے اور امدادی ٹیموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔