ویب ڈیسک : بابوسر ٹاپ، نانگا پربت ،بٹو گاہ ٹاپ پر کل رات سے برف باری شروع ہوئی اور وقفے وقفے سے جاری رہی، مختلف مقامات پر 8 انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث شاہراہِ بابوسر کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر دیامر عطاالرحمان کاکڑ نے بتایا کہ رات گئے بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے کہاکہ بابوسر ٹاپ پر 8 انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث شاہراہِ بابوسر کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب چلاس اور دیامر کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری اور بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ اس کے علاوہ مانسہرہ میں گزشتہ رات شدید برف باری کے وادی کاغان کاموسم صاف ہو گیا ہے اور ناراں بیسر سڑک سے مشینری برف صاف کرنے میں مصروف ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ بابوسر ٹاپ پر کوئی بھی مسافر یا گاڑی پھنسی ہوئی نہیں ہے، تمام افراد محفوظ ہیں ، موسم بہتر ہوتے ہی شاہراہ بابوسر سے برف ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مسافر اور سیاح متبادل شاہراہِ قراقرم پر سفر کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
پولیس نے بتایا کہ پہاڑوں سمیت سیاحتی مقامات بیسرجلکڈ بٹہ کنڈی میں 4انچ سے زائدبرف پڑ چکی ہے ، ناراں آنے والے سیاح موسمی حالات مدنظر رکھتےہوئے سفر کریں۔