ویب ڈیسک:بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ہولناک ٹرین حادثہ پیش آیا ہے جس میں 11 افراد ہلا ک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک مسافر ٹرین سٹیشن کے قریب کھڑی مال بردار گاڑی سے جا ٹکرائی، تصادم اتنا شدید تھا کہ مسافر ٹرین کی کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جبکہ جائے حادثہ پر مسافروں کی چیخ و پکار سے فضا گونج اٹھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کٹنگ مشینوں کی مدد سے بوگیوں کو کاٹ کر اندر پھنسے مسافروں کو نکالا ۔
اب تک کم از کم 11 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ درجنوں زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق چار زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کا ریلوے نیٹ ورک دنیا کا چوتھا بڑا نظام ہے، جو اس وقت 30 ارب ڈالر کی لاگت سے نئی ٹرینوں اور جدید اسٹیشنوں کے ساتھ ایک بڑے تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے۔