ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب میں ’سمارٹ صفائی‘ کا آغاز، عید الاضحیٰ پر اے آئی بیسڈ مانیٹرنگ متعارف

پنجاب میں ’سمارٹ صفائی‘ کا آغاز، عید الاضحیٰ پر اے آئی بیسڈ مانیٹرنگ متعارف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راو دلشاد :  مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صوبے بھر میں ’ سمارٹ صفائی‘ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز عید الاضحیٰ کے موقع پر کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق صفائی کے نظام میں پہلی بار مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے گا، جس کے ذریعے کوڑے کی نشاندہی، فیلڈ مانیٹرنگ اور عملے کی کارکردگی پر نظر رکھی جائے گی

اجلاس میں بتایا گیا کہ 40 ہزار گاڑیاں اور 1 لاکھ 76 ہزار ملازمین اے آئی کی نگرانی میں کام کریں گے، جبکہ غفلت برتنے والوں کو موقع پر جرمانے کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اے آئی کیمروں سے لیس موٹر بائکس فیلڈ میں کام کریں گی، جو لائیو امیج کیپچرنگ اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ فراہم کریں گی۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام میں ڈیجیٹل میپنگ، بیٹ سسٹم اور اے آئی بیسڈ کمپلینٹ سیل بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ مزید برآں ملازمین کی حاضری کے لیے نئی موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے اور فیلڈ افسران کو ہر یونین کونسل میں فزیکل تصدیق کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق عید الاضحیٰ کے دوران ویسٹ کلیکشن سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی بیگز فراہم کیے جائیں گے۔ ویسٹ کلیکشن سینٹر کے علاوہ کہیں بھی کوڑا پھینکنے پر آن سپاٹ جرمانہ ہوگا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 70 فیصد ملازمین کی فزیکل تصدیق مکمل ہو چکی ہے جبکہ اگلے ہفتے اسے 100 فیصد مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈیپ کلیننگ کے دوران 10,365 پوائنٹس کلیئر کیے جا چکے ہیں اور مزید 2,029 حاضری پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب منصوبے میں کرپشن یا سیاسی مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی اور غیر حاضر یا گھوسٹ ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو افسر بہترین کارکردگی دکھائے گا اسے بہتر مواقع دیے جائیں گے جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے والوں کے لیے سسٹم میں جگہ نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ صفائی کرنے والے ورکرز ہمارے ہیرو ہیں اور ان کی تنخواہیں بروقت ادا کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ میں موجودگی بڑھا کر نگرانی کے نظام کو مؤثر بنایا جائے اور شہری و دیہی علاقوں میں یکساں معیار کی صفائی یقینی بنائی جائے۔