شہریوں کیلئے اچھی خبر، لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا فیصلہ

شہریوں کیلئے اچھی خبر، لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( قذافی بٹ ) پنجاب حکومت نے 9 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کرلیا، مارکیٹیں مرحلہ وار کھولی جائیں گی، جس کا اعلان 8 مئی کو کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں 9 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پائپ، اسٹیلز، اسپیئر پارٹس اور مشینری، بجلی کے سامان کی دکانیں کھولنے بارے بھی غور کیا گیا ہے۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری، کنسٹریکشن انڈسٹری اور گلاس مینوفیکچرز کی دکانیں بھی کھولی جائیں گی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کپڑے کی دکانیں 15 رمضان سے 6 گھنٹے کے لئے کھولی جائیں گی۔ پارکس کو بھی کھولا جائے گا لیکن پارکس میں لگے جھولے بند رہیں گے، تمام دکانیں کھولنے اور بند کرنے کا وقت مختص کیا جائے گا۔ ایس او پیز پر عملدآمد کرنا سب کے لئے لازم ہو گا۔

وزیر اعظم عمران خان کے   لاک ڈاؤن میں نرمی کے اشارے کے بعد مارکیٹیں کھولنے کے حوالے سے کام جاری ہے، مارکیٹیں کھولنے سے پہلے علاقوں کی سمارٹ سکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے،زون وائز مارکیٹوں کے گردونواح کی کورونا سمارٹ سیکرننگ کروائی جائے گی۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں کورونا کے491 مزید نئے کیسز کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 8133ہو گئی،  لاہور میں کورونا وائرس کے مزید 350 نئے مریض سامنے آگئے ہیں جس کے بعد 2532 کنفرم مریض ہیں، پنجاب میں 51 روز میں  144 افراد کورونا سے دم توڑ چکے ہیں، 2680 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 25 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہےکہ  کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں  جاری  لاک ڈاؤن میں پنجاب حکومت نے 9 مئی تک توسیع کردی ہے، لاہور میں آج  لاک ڈاؤن کا 39 واں روز ہے، تمام  شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے، کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔