علی رامے : پنجاب بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کا الرٹ جاری کردیا گیا، آئندہ دنوں میں میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق معمول سے 6 سے 8 ڈگری تک درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے شمالی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں 6 سے 7 مارچ کے دوران بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ 9 سے 11 مارچ کے دوران بھی شمالی علاقہ جات میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے سے فصلیں متاثر ہونے کاخدشہ ہے۔ کسان اپنی تمام تر پیشگی اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ملک بھر میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 264 ریکارڈ کیا گیا جبکہ برکی روڈ پر آلودگی کی شرح 580، علامہ اقبال ٹاؤن میں 422، سی آئی پی آر آفس میں 356 اور بیدیاں روڈ پر 243 ریکارڈ کی گئی۔
شہر قائد کراچی میں دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 18.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے جبکہ ہوا جنوب مغرب سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔