ویب ڈیسک:وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کے پی حکومت پرکڑ ی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آدھا رمضان گزر گیا مگر ابھی تک رمضان ریلیف پیکج کی تقسیم شروع نہیں کی،پوری کے پی حکومت کا فوکس صرف اڈیالہ کے قیدی کی طرف ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزمل اسلم کو معلوم ہی نہیں انکی حکومت نے رمضان پیکج کی تقسیم شروع کی یا نہیں جبکہ سہیل آفریدی بھی رمضان پیکج کی امدادی رقم کی تقسیم سے لاعلم ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کےپی حکومت نے اپنے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرستیں طلب کرلیں، پی ٹی آئی اس سال بھی خیبرپختونخواہ میں رمضان پیکج کے نام پر پارٹی کارکنوں میں 10ارب روپے تقسیم کرےگی ۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ،پنجاب حکومت 30 لاکھ افراد کو رمضان نگہبان کے امدادی رقم منتقل کرچکی ہے، اگلے چند دنوں میں 40 لاکھ کا ہدف حاصل کرے گی۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے رمضان 2026 کے لیے 13 ارب روپے کا امدادی پیکیج پیش کیا تھا جس کا بنیادی مقصد مستحق خاندانوں کو براہِ راست مالی مدد فراہم کرنا تھا۔
اس پروگرام کے تحت صوبے کے تقریباً 10 لاکھ 63 ہزار سے زائد خاندانوں میں فی کس 12,500 روپے کی نقد رقم تقسیم کی جا نی تھی۔