افشاں رضوان:ملک کے مختلف شہروں میں موسم کی صورتحال مختلف رہی ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج کی تپش کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آج شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ملک بھر میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 264 ریکارڈ کیا گیا جبکہ برکی روڈ پر آلودگی کی شرح 580، علامہ اقبال ٹاؤن میں 422، سی آئی پی آر آفس میں 356 اور بیدیاں روڈ پر 243 ریکارڈ کی گئی۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بعد از دوپہر شہر میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے اور ہوا 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی توقع ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 27 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی متوقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔
دوسری جانب شہر قائد کراچی میں دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 18.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے جبکہ ہوا جنوب مغرب سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔