ویب ڈیسک : بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بنوں کینٹ میں دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ بہادر سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا، سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے، قوم کو اپنی سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔
سرفراز بگٹی نے دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے کینٹ میں بزدلانہ دہشت گرد حملہ ناکام بنا کر 16 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جبکہ شدید جھڑپ کے دوران 5 بہادر فوجی مادرِ وطن پر قربان ہوگئے.