ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ننکانہ صاحب میں عالمی یومِ ماحولیات، شجرکاری اور آگاہی مہم کا انعقاد

ننکانہ صاحب میں عالمی یومِ ماحولیات، شجرکاری اور آگاہی مہم کا انعقاد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: ننکانہ صاحب میں عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر محکمہ تحفظِ ماحولیات ننکانہ صاحب کے زیرِ اہتمام آگاہی سرگرمیوں، سیمینار اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس موقع پر "قدرت سے جڑیں، ماحول بچائیں، مستقبل بنائیں" اور عالمی تھیم "Inspired by Nature for Climate for Our Future" کے تحت مختلف پروگرامز منعقد کیے گئے۔

تقریب کا انعقاد ریسکیو 1122 اور انجمن تاجران ننکانہ صاحب کے تعاون سے کیا گیا، جس میں ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور عوامی آگاہی پر زور دیا گیا۔

سیمینار سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب محمد اکرم پنوار نے خطاب کرتے ہوئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور ہنگامی حالات سے بروقت نمٹنے کی تیاری کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انسپکٹر ماحولیات محمد شریف نے اپنے خطاب میں سنگل یوز پلاسٹک کے مضر اثرات، شجرکاری کی اہمیت اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ درخت لگانے اور پلاسٹک کے متبادل استعمال میں فعال کردار ادا کریں۔

اس موقع پر رمشہ شہزادی، کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن نے پائیدار ترقی  اور گرین گروتھ  کے موضوعات پر شرکاء کو آگاہ کیا اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

بعد ازاں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد شہریوں میں پلاسٹک آلودگی اور اس کے نقصانات کے بارے میں شعور بیدار کرنا تھا۔ محکمہ تحفظِ ماحولیات  ٹیم نے بازاروں اور تجارتی مراکز میں کپڑے کے تھیلے اور آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے۔

تقریب کے اختتام پر جدید فیڈ مل ننکانہ صاحب میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا، جہاں انسپکٹر ماحولیات نے پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ شرکاء نے ماحول کے تحفظ، شجرکاری کے فروغ اور پلاسٹک آلودگی کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

محکمہ تحفظِ ماحولیات نے کہا کہ اس مہم کا مقصد عوام میں ماحولیاتی شعور بیدار کرنا اور ایک سرسبز و صاف ماحول کی طرف عملی قدم بڑھانا ہے۔