سٹی 42: صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کیلئے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پہلا قدم اٹھا لیا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں اراکین پنجاب اسمبلی اورتحریک انصاف کے عہدیداروں نے ملاقات کی ہے،ملاقات میں کورونا وباء اورٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی بات چیت کی گئی ،جنوبی پنجاب میں فلاح عامہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے علیحدہ سیکرٹریٹ کے قیام کا وعدہ پورا کردیا ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کی تقرری کی منظوری دے دی ہے،اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیاہے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کا تقرر جلد کردیا جائے گا،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی بہاولپور اور ملتان میں تعینات ہوں گے۔
انہوں نے وسیب کے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلد فنکشنل ہوجائے گا-جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کیلئے ہماری حکومت نے مثالی اقدام کئے ہیں ،علیحدہ سیکرٹریٹ کے قیام سے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور کا سفر نہیں کرنا پڑے گا،علیحدہ سیکرٹریٹ کا قیام جنوبی پنجاب کے عوام کا حق ہے جو تحریک انصاف کی حکومت نے انہیں دیا ہے۔جنوبی پنجاب کیلئے مختص فنڈز کسی اورمنصوبے یا شہرکو منتقل کرنے پر پہلے ہی پابندی عائد کردی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کے اقدامات سے جنوبی پنجاب کے عوام کا احساس محرومی ختم ہورہا ہے۔جنوبی پنجاب کے عوام کو ماضی میں دلفریب نعروں سے بہلایا گیا۔سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کیلئے صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلایا،سابق ادوارمیں پسماندہ علاقوں کے عوام کو نظر انداز کیا گیا،جنوبی پنجاب کے عوام نے سابق حکمرانوں کی زیادتیوں کا بدلہ عام انتخابات میں انہیں شکست دے کرلیا۔
جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے عوام کی محرومیوں کوخوشحالی میں بدلیں گے،وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں سمیع اللہ چوہدری،سید افتخار گیلانی،احسان الحق چوہدری،اصغر جوئیہ،احمد عثمان چنڑ، سمیرا ملک اوردیگرشامل تھے۔