ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

دنیا کے سب سے کم قد والے جوڑے کے منفرد گھر نے سب کی توجہ حاصل کر لی

دنیا کے سب سے کم قد والے جوڑے کے منفرد گھر نے سب کی توجہ حاصل کر لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: برازیل سے تعلق رکھنے والے پاؤلو گیبرئیل ڈی سلوا بیروس اور کیٹوشیا لی ہوشینو، جنہیں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کا سب سے کم قد رکھنے والا شادی شدہ جوڑا قرار دیا ہے، ایک بار پھر اپنے منفرد اندازِ زندگی کے باعث خبروں میں آ گئے ہیں۔

برازیل کے ایک ٹی وی شو میں ان کے گھر کی جھلک دکھائی گئی، جہاں 40 سالہ پاؤلو اور 36 سالہ کیٹوشیا رہتے ہیں۔ دونوں کا مجموعی قد 71.42 انچ ہے، اسی لیے ان کا گھر بھی خصوصی طور پر ان کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔

گھر میں دروازوں کے ہینڈل، لائٹ سوئچ، کچن کاؤنٹر، سنک اور الماریاں سب ان کے قد کے مطابق بنائی گئی ہیں تاکہ روزمرہ کے کام آسانی سے انجام دیے جا سکیں۔ اس کے علاوہ ہلکے وزن کے پلاسٹک اسٹول اور دیگر فرنیچر بھی خصوصی پیمائش کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔

پاؤلو گیبرئیل کا کہنا ہے کہ کچن کا سنک اس انداز سے نصب کیا گیا ہے کہ انہیں برتن دھونے میں کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوتا، جبکہ کیٹوشیا کے مطابق ان کا یہ گھر ان کے لیے سکون اور راحت کی جگہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر سے باہر انہیں دنیا کے ماحول کے مطابق خود کو ڈھالنا پڑتا ہے، لیکن ان کا اپنا گھر ان کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ ہے۔

دونوں کی محبت کا آغاز تقریباً دو دہائیاں قبل آن لائن ملاقات سے ہوا۔ ایک سال بعد انہوں نے مشترکہ فوٹو شوٹ کروایا اور 2016 میں لندن میں شادی کی، جس کے بعد گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انہیں دنیا کا سب سے کم قد رکھنے والا شادی شدہ جوڑا قرار دیا۔