ویب ڈیسک:امریکی گلوکارہ اور اداکارہ جینیفر لوپیز کا کہنا ہے کہ کسی رشتے کا اختتام زندگی کی ناکامی نہیں بلکہ ایک نئی شروعات ہو سکتا ہے، جو انسان کو خود کو بہتر انداز میں سمجھنے اور آگے بڑھنے کا موقع دیتا ہے۔
ایک حالیہ گفتگو میں جینیفر لوپیز نے کہا کہ بریک اپ کو منفی انداز میں دیکھنے کے بجائے اسے ذاتی نشوونما کا حصہ سمجھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی رشتہ ختم ہوتا ہے تو اسے شکست نہیں بلکہ ایک اہم فیصلہ تصور کرنا چاہیے، جو مستقبل میں بہتر نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔
انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ اگر کسی کا بریک اپ ہو جائے تو افسوس کرنے کے بجائے اس کے لیے پارٹی رکھنی چاہیے اور اسے مبارکباد دینی چاہیے، کیونکہ اس نے اپنی زندگی کا ایک اہم موڑ عبور کیا ہے۔
جینیفر لوپیز کے مطابق جو لوگ بار بار دوسروں کے جذبات مجروح کرتے ہیں، درحقیقت سب سے زیادہ نقصان خود انہی کو پہنچتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ دل ٹوٹنے کے تجربات نے انہیں پہلے سے زیادہ مضبوط اور بالغ بنایا۔ ان کے بقول ایسے لمحات انسان کو اپنی کمزوریوں، غلطیوں اور ترجیحات پر غور کرنے کا موقع دیتے ہیں، جس سے شخصیت میں مثبت تبدیلی آتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اداکار بین ایفلیک سے طلاق کے بعد انہوں نے کسی اور کو قصوروار ٹھہرانے کے بجائے اپنی ذات پر توجہ مرکوز کی۔ اسی مقصد کے تحت انہوں نے اپنا میوزک ٹور بھی منسوخ کیا تاکہ خود کو وقت دے سکیں اور اپنی زندگی کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔