ایک اور حوا کی بیٹی گھریلو تشدد کا شکار

ایک اور حوا کی بیٹی گھریلو تشدد کا شکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( وقار گھمن ) گھریلو خواتین پر تشدد کے واقعات میں کمی نہ آسکی، گلشن راوی کے رہائشی تاجرعمر نے بہیمانہ تشدد کرکے بیوی کے ناک کی ہڈی توڑ دی، متاثرہ خاتون نے اندراج مقدمہ کیلئے پولیس کو درخواست دے دی۔

صنف نازک پر گھریلو تشدد اور ظلم و ستم ہمارے معاشرے کا انتہائی دردناک المیہ ہے۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بہت سے اقدامات کیے گئے لیکن اس کے باوجود پاکستان میں خواتین پر تشدد کے واقعات روز بہ روز بڑھ رہے ہیں۔

عورت جو ماں ہے، بہن ہے، بیوی ہے اور بیٹی ہے، اس کے باوجود عورت کو پرانے اور بے بنیاد نظریات کی بناہ پر ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ آئے روز حوا کی بیٹی کہیں خاوند کے ہاتھوں تشدد، کہیں ظلم و ستم کا شکار اور کہیں اس پر ناجائز تعلقات کے الزام عائد کرکے ایسے قتل کردیا جاتا ہے جس سے روح تک کانپ اٹھتی ہے۔

شوہر کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون نازش نے سٹی فورٹی ٹو کو بتایا کے اسکا شوہر میڈیسن بنانے کی فیکٹری چلاتا ہے۔ گزشتہ روز خاوند نے گھریلو اختلاف پر تشدد شروع کر دیا جس سے اسکے ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی جبکہ جسم کے دیگر حصوں پر بھی شدید چوٹیں آئیں۔

متاثرہ خاتون کا کہنا تھا اس سے قبل بھی متعدد بار وہ سسرالیوں اور شوہر کے تشدد کو برداشت کر چکی ہے۔ اسکا کہنا ہے وہ بااثر شخص ہے جسکے خلاف پولیس کارروائی سے کتراتی ہے۔

متاثرہ خاتون نے اندراج مقدمہ کیلئے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔