سٹی 42 : چین کے دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ معاشی تعاون کے منصوبوں سمیت علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیجنگ میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی چینی صدر شی جن پنگ سے چین کے عظیم عوامی ایوان میں ملاقات ہوئی اور اس ملاقات سے قبل صدر مملکت کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، جہاں صدر شی جن پنگ نے صدر آصف علی زرداری کا پرتپاک استقبال کیا اور چینی بچوں کے ایک گروپ نے بھی صدر مملکت کا شان دار استقبال کیا۔
ملاقات میں دونوں صدور نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر تبادلہ خیال کیا، اس کے علاوہ مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی گفتگو ہوئی، دونوں صدور نے دوطرفہ شراکت داری کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے مواقع پر بات کی ۔ صدر مملکت نے چین کے ساتھ سدا بہار تزویراتی تعاون کی شراکت داری کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا اور دونوں ممالک کے مابین منفرد، آزمودہ اور خصوصی تعلقات کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ چین کی مثالی ترقی اور خوش حالی چینی قیادت کے وژن اور چین کے عوام کی فعالیت کا مظہر ہے ۔ صدر مملکت نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت عالمی ترقی میں چین کے گہرے تعاون پر صدر شی جن پنگ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران پاک-چین اقتصادی راہداری 2.0 کی اعلیٰ معیار کی ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت باہمی طور پر سودمند تعاون کے تصور کی روشن مثال ہے، پاک-چین اقتصاری راہدری سے علاقائی روابط، مشترکہ فوائد اور خوش حالی کو فروغ حاصل ہوگا۔
ملاقات میں مشترکہ مستقبل کی پاک-چین کمیونٹی مضبوط بنانے کے لیے عوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری نے صدر شی جن پنگ کو دورہ پاکستان کی دعوت اور کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت صدر شی جن پنگ کو ایک وژنری رہنما اور پاکستان کے خاص دوست کے طور پر انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ملاقات کے بعد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سائنس اور ٹیکنالوجی، میڈیا، توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ بعد ازاں صدر شی جن پنگ نے صدر آصف علی زرداری اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔