سٹی42:ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک تاہم بالائی خیبر پختونحوا ، گلگت بلتستان ،کشمیر اور مری ،گلیات میں تیزہواؤں/ گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر صبح کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی دُھند پڑ نے کی بھی توقع ہے۔
سورج کی تیز کرنوں کے باعث شہر لاہور میں درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا، ماہرین کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 177 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ امریکی قونصلیٹ کے علاقے میں فضائی آلودگی کی شرح 281 ریکارڈ کی گئی جبکہ جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 253 ریکارڈ کی گئی ہے۔
شہر قائد صبح سویرے ٹھنڈی ہواؤں کی لپیٹ میں ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں موسم سرد اور خشک ہے شمال مشرق سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے ،ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔کراچی کا فضائی معیار بدستور خراب ہے اور شہر فضائی آلودگی کی شرح کے حوالے سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر ہے۔ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 178 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں مائے کولاچی پہلے نمبر پر ہے، دوسرے نمبر پر کورنگی اور تیسرے نمبر پر گلشن اقبال ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اورمطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش /بونداباندی کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور چترال، دیر، سوات، کو ہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام ، کرم، اورکزئی، خیبر اور باجوڑمیں گرج چمک/تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کی توقع بتائی ہے۔
گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ خطہ پوٹھو ہار میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے ۔مری، گلیات اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کی فورکاسٹ کر دی ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ ، ننکا نہ صا حب، سیالکوٹ،نارووال، گوجرانوالہ اور حا فظ آباد میں صبح کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی دُھند پڑ نے کا امکان ہے۔