پیپلز پارٹی کا پاور شو:سیاسی رہنماؤں کا کشمیریوں سے پر جوش اظہار یکجہتی

پیپلز پارٹی کا پاور شو:سیاسی رہنماؤں کا کشمیریوں سے پر جوش اظہار یکجہتی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: موچی گیٹ گراؤنڈ میں پاکستان پیپلز پارٹی کا پاور شو ، سینئر رہنماؤں نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی مخالفین خصوصاً ن لیگی قیادت کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔پیپلز پارٹی کے کے جلسے میں راجہ پرویزاشرف،اعتزاز احسن،خوشید شاہ اور قمر زمان کائرہ کا خطاب۔

پیپلز پارٹی نے آج یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے موچی گیٹ گراؤنڈ لاہور میں پاور شو کا مظاہرہ کیا۔ جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جاتی امرا والے کشمیریوں کا درد نہیں رکھتے۔ کشمیر پاکستان کا ہی نہیں پیپلز پارٹی کا بھی شہ رگ ہے۔ جمہوریت کی خاطر بھٹو نے پھانسی کا پھندا چوما بینظیر نے جان دی۔ سی پیک کی طاقت کا ن لیگ کی حکومت کو اندازہ نہیں، یہ تو سی پیک کو قرضے کی آگنائزیشن سمجھتے ہیں۔ سی پیک سے ہم نے علاقائی طاقت بننا تھا۔ شریف خاندان پورے ملک پر قبضہ کرنے چاہتا ہے انکو یہاں سے نکالیں گے چھوڑیں گے نہیں۔

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ میاں صاحب جب آپ کو ٹھوکریں لگتی ہیں تو جمہوریت یاد آتی ہے۔ شہباز شریف نے جو لوٹ مار مچائی ہے چھپ نہیں سکتی، ابھی تو آشیانہ اسکیم کا پوچھا ہے سستی روٹی کا پوچھا تو کیا بنے گا۔

مزید جاننےکیلئے کلک کریں:شہید بھٹو نے یہاں سے اقوام متحدہ تک کشمیر کا مقدمہ لڑا: قمر زمان کائرہ

سینیٹر اعتزا احسن نے کہا کہ خود کو کشمیری کہنے والے حکمرانوں کا دوست مودی ہے۔ نواز شریف نے اپنی تقریر میں کشمیر کا ذکر ہی نہیں کیا۔ شریفوں کا اصول ہے کمزور کو سانس نہ لینے دو اور طاقتور کے سامنے سانس نہ لو۔

مزید جاننےکیلئے کلک کریں:نواز شریف نے عدلیہ کو سوفٹ ٹارگٹ بنایا: بیرسٹر اعتزاز احسن

اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آمریت کیخلاف آواز اٹھائی، کشمیریوں کا ماتھا چومنے والے ہی انکے خون سے غداری کرتے ہیں، کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اٹھایا، ہم سفارتی اور اخلاقی طور پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ نواز شریف کشمیریوں کے دشمن اور مودی کے دوست ہیں۔ نواز شریف کہتے پھرتے ہیں مجھے کیوں نکالا، آپ کو اس لیے نکالا کیوں کے آپ نے کشمیر کو نقصان پہنچایا۔ آپ اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی بات نہیں کرتے اور انڈین جاسوس کلبھوشن کا نام تک نہیں لیتے۔

مزید جاننےکیلئے کلک کریں:آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیاب ہو گی: راجہ پرویز اشرف

منظور وٹو نے کہا کہ آج ثابت ہوگیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی زندہ جاوید پارٹی ہے۔ آج کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے۔ بینظیر بھٹو اسلامک کانفرنس میں کشمیری قیادت کو ساتھ لے کر گئی۔

مزید جاننےکیلئے کلک کریں: بینظیر بھٹو اسلامک کانفرنس میں کشمیری قیادت کو ساتھ لے کر گئیں:منظور وٹو

جلسے سے فیصل صالح حیات، ثمینہ گھرکی اور نیئر بخاری کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔

واضح رہے کہ جلسے میں لاہور سمیت کشمیر، منڈی بہاؤالدین اور گوجرانوالہ سے پارٹی جیالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پنڈال میں جیالوں کا جوش و خروش عروج پر تھا۔ ہر طرف پارٹی ترانوں کی گونج تھی، نئے ترانے نے بھی جیالوں کا لہو گرمایا۔

پیپلز پارٹی کے رہنماوں کیلئے جلسہ گاہ میں ستر فٹ لمبا، چوبیس فٹ چوڑا اور دس فٹ اونچا سٹیج تیار کیا گیا۔ لاہور کے تمام راستوں پر پارٹی بینرز اور پرچموں کی بہار رہی۔ آصف زرداری کو شیروں کا شکاری، تاج پوش بادشاہ اور پہلوان دکھا کر جیالوں نے اپنے قائد سے محبت کا منفرد اظہار کیا۔ جلسے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

سیف سٹی پراجیکٹ کے 300 سے زائد کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی گئی۔ موچی گیٹ کی جانب آنے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے تھے۔ شہریوں کو پریشانی سے بچانے کیلئے ٹریفک کیلئے متبادل روٹس بھی بتا دیئے گئے تھے۔