سٹی 42 : محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق شمالی علاقوں ،بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا (دیر، چترال، سوات، کوہستان) میں چند مقامات پر ہلکی بارش/بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے ۔ پنجاب اور خیبر پختونخواکےمیدانی علاقوں میں سموگ جبکہ چند مقامات پر دھند پڑنےکا امکان ہے۔
ہفتہ کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرداورمطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات/صبح کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ پشاور،صوابی،مردان، چارسدہ ،نوشہرہ ،ڈی آئی خان اور گردونواح میں صبح اوررات کے اوقات میں چند مقامات پر دھند پڑنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ جنوبی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم سرداور مطلع جزوی ابر آلود/ ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ سیالکوٹ،نارووال، لاہور،شیخوپورہ،گوجرانوالہ،گجرات، جہلم،فیصل آباد، ساہیوال،ملتان،خانیوال، لیہ،کوٹ ادو ،بہاولپور اور گردونواح میں سموگ جبکہ صبح اوررات کے اوقات میں چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ صبح / رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرداور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ شمالی اضلاع میں صبح / رات کے اوقات میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود جبکہ صبح /رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، تا ہم گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش/بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔