ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس، تین ڈسکوز کی نجکاری پر پیش رفت کا جائزہ

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس، تین ڈسکوز کی نجکاری پر پیش رفت کا جائزہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویس کیانی :وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری اور نجکاری کمیشن کی ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئیسکو (IESCO)، فیسکو (FESCO) اور گیپکو (GEPCO) کی نجکاری کے پہلے مرحلے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل آئیسکو، فیسکو اور گیپکو میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے اندرون و بیرون ملک روڈ شوز مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ ترکیہ، سعودی عرب اور چین میں سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔

 وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کمیشن میں عالمی معیار کے مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین کو شامل کیا جائے تاکہ ادارے کی استعداد کار میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت، طے شدہ قواعد اور بہترین کاروباری حکمت عملی کے مطابق مکمل کیے جائیں۔

 اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفادات کو اولین ترجیح دی جائے اور نجکاری کے بعد متعلقہ اداروں میں صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر اور جامع نظام قائم کیا جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کے مراحل میں تجربہ کار کنسلٹنٹس کی سفارشات کو مدنظر رکھا جائے اور قانونی و مالیاتی ریگولیٹری فریم ورک کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔

 اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔