( شاہین عتیق ) احتساب عدالت لاہور نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے وارنٹ جاری کر دیے جبکہ میر شکیل الرحمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں بیس اگست تک توسیع کردی۔
احتساب عدالت میں پولیس نے پلاٹ غیر قانونی الاٹ کرانے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر میر شکیل الرحمان کو پیش کرنا تھا لیکن کورونا کی وجہ سے پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت نے وارنٹ پر میرشکیل الرحمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔
عدالت میں نیب کے پیش کردہ ریفرنس میں میاں نواز شریف کے پیش نہ ہونے ان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے جبکہ کیس میں نامزد سابق ڈائریکٹر ایل ڈی اے فیض ہمایوں اور بشیر احمد کے پیش ہونے پر ان کی حاضری مکمل کرکے ریفرنس کی سماعت بیس اگست تک ملتوی کردی گئی۔
احتساب عدالت نے ایل ڈی اے سٹی میں اربوں روپے کے فراڈ میں ملوث ملزم احد چیمہ کے کیس کی سماعت 19 اگست تک ملتوی کردی۔ نیب نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو ایل ڈی اے سٹی کیس میں جیل بھجوا رکھا ہے۔ عدالت میں احد چیمہ کو ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا جانا تھا، لیکن کورونا کی وجہ سے ملزم کو پیش نہیں کیا گیا بلکہ وارنٹ بھجوا کر عدالت سے توسیع کرائی گئی۔
عدالت نے نیب کو ملزمان کیخلاف ریفرنس جلد دائر کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ ملزم پر اربوں روپے کے پلاٹوں کی فائلیں فروخت کرنے کا الزام ہے۔