سٹی 42 : این ڈی ایم اے نے 6 تا 10 اپریل ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے بالائی و وسطی اضلاع میں 6 سے 9 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور لاہور میں بارش اور آندھی متوقع ہے۔اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک تاہم 7 اور 8 اپریل کو چند مقامات پر ہلکی بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
بلوچستان کے شمالی و مغربی اضلاع میں 6 سے 9 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی متوقع ہے ساتھ ہی کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، تربت اور گردونواح میں موسمی اٹرات متوقع، ساحلی علاقوں بشمول گوادر میں کہیں کہیں بارش اور تیز ہوائیں متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ کے بالائی و وسطی علاقوں میں 7 اور 8 اپریل کو بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، خیرپور، عمرکوٹ، مٹھی اور بدین میں بارش اور تیز ہوائیں متوقع، صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 6 سے 10 اپریل کے دوران بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان، 7 سے 9 اپریل کے دوران بارشوں میں مزید شدت کا امکان ہے۔چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان اور ڈی آئی خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان، مسافر محتاط رہیں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 6 سے 10 اپریل کے دوران بارش، آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے۔ استور، گلگت، اسکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، وادی نیلم، باغ، حویلی اور پونچھ میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔ سیاح شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں