ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مشرقِ وسطیٰ کشیدگی کا اثر، اتحاد ایئرویز کی 50٪ تک بڑی رعایتیں

مشرقِ وسطیٰ کشیدگی کا اثر، اتحاد ایئرویز کی 50٪ تک بڑی رعایتیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث فضائی سفر اور سیاحت کا شعبہ شدید دباؤ کا شکار ہے، جس کے اثرات خلیجی ایئرلائنز پر بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔ اسی صورتحال کے پیشِ نظر اتحاد ایئرویز نے مسافروں کو متوجہ کرنے کے لیے طویل فاصلے کی پروازوں پر غیر معمولی رعایتوں کا اعلان کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایئرلائن نے مئی اور جون کے دوران سفری طلب بڑھانے کے لیے کرایوں میں 50 فیصد تک کمی کی ہے تاکہ خالی نشستوں کو پُر کیا جا سکے۔ اتحاد ایئرویز، جو خلیج کی بڑی ایئرلائنز میں شمار ہوتی ہے، اس وقت ماضی کے مقابلے میں انتہائی کم نرخ پیش کر رہی ہے۔

مثال کے طور پر لندن سے سڈنی تک ابوظہبی کے راستے اکانومی کلاس کا ریٹرن ٹکٹ 688 پاؤنڈ سے شروع ہو رہا ہے، جبکہ بزنس کلاس 2465 پاؤنڈ تک دستیاب ہے۔ اسی طرح سنگاپور، ہانگ کانگ، بینکاک، مالدیپ اور ٹوکیو جیسے مقامات کے لیے بھی نمایاں رعایتیں دی جا رہی ہیں۔

یہ کرایے دیگر ایئرلائنز کے مقابلے میں خاصے کم ہیں۔ مثال کے طور پر برٹش ایئرویز پر لندن سے سڈنی کا اکانومی ریٹرن ٹکٹ تقریباً 1850 پاؤنڈ جبکہ بزنس کلاس 10 ہزار پاؤنڈ سے زائد ہے۔

اطلاعات کے مطابق اتحاد ایئرویز کے موجودہ کرایے کورونا وبا کے دوران پیش کیے گئے نرخوں سے بھی کم ہیں۔ یہ غیر معمولی رعایتیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث کئی پروازیں متاثر یا منسوخ ہو چکی ہیں، جس سے خلیجی ایئرلائنز کو مسافروں کی کمی کا سامنا ہے۔

ایئرلائن کو امید ہے کہ جولائی تک حالات بہتر ہو جائیں گے اور فضائی سفر معمول پر آ جائے گا۔