ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور ہائیکورٹ کے ججز کا کل اہم فل کورٹ اجلاس طلب

لاہور ہائیکورٹ کے ججز کا کل اہم فل کورٹ اجلاس طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عالیہ نیلم نے عدالت عالیہ کے تمام ججز کا اہم فل کورٹ اجلاس کل 5 ستمبر بروز ہفتہ طلب کرلیا ہے۔ فل کورٹ اجلاس صبح ساڑھے 10 بجے پرنسپل سیٹ پر قائم نیو ججز لائبریری میں ہوگا، جس میں عدالت عالیہ کے ججز اور ضلعی عدلیہ سے متعلق متعدد اہم امور زیر غور آئیں گے۔

فل کورٹ اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ، بہاولپور، ملتان اور راولپنڈی بنچز سمیت ضلعی عدلیہ میں زیر التوا مقدمات کے نمٹانے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں عدالتی مقدمات کے بروقت نمٹانے اور زیر التوا کیسز میں کمی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیے جانے کا امکان ہے۔اجلاس میں مختلف عدالتی قواعد کی منظوری اور ایس او پیز کی توثیق بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کی تنظیم نو اور نظرثانی شدہ آرگنوگرام کی توثیق بھی فل کورٹ کے سامنے پیش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق جوڈیشل افسران کے بیرون ملک سفر کے لیے لازمی این او سی سے متعلق معاملہ بھی فل کورٹ اجلاس میں زیر غور آئے گا۔ اس کے علاوہ ضلعی عدلیہ کے اکاؤنٹنٹس، آڈیٹرز اور دیگر متعلقہ ملازمین کے لیے ٹرانسفر پالیسی کی توثیق بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے ای ایس ایس نظام کے تحت موبائل حاضری کی درخواست کی توثیق بھی فل کورٹ اجلاس میں کی جائے گی۔ معزز ججز کے ضابطہ اخلاق میں مجوزہ ترمیم بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے، تاہم اس معاملے سے متعلق دستاویزات سیل بند لفافے میں پیش کی جائیں گی۔
فل کورٹ اجلاس میں عدالتوں کے کمروں کی نمبرنگ اور ججز کے عہدوں کی نوعیتِ کار کے مطابق توثیق کے معاملے پر بھی غور ہوگا۔ اس کے علاوہ ڈویژن بنچ کے ذریعے آئینی درخواستوں، بالخصوص ٹیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔ججز کی موسم گرما اور موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق امور بھی فل کورٹ کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔ اجلاس کے دوران ضرورت کے مطابق کسی دوسرے معاملے کو بھی ایجنڈے میں شامل کرکے زیر غور لایا جاسکے گا۔رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام ججز کو 5 ستمبر کو صبح 10 بج کر 15 منٹ پر ججز کامن روم میں جمع ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، جہاں فل کورٹ کی تصویر کے لیے گاؤن کے ساتھ حاضری دینا ہوگی۔
فل کورٹ اجلاس کے لیے ڈریس کوڈ کورٹ ڈریس مقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس نیو ججز لائبریری میں ہوگا جبکہ اجلاس کے بعد ججز کے لیے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

Ansa Awais

Content Writer