سٹی42: حکومت کے تعلیم کے فروغ کے دعوے ایک طرف، مگر کھاریاں کے نواحی علاقے چوہدو میں واقع گورنمنٹ پرائمری سکول گزشتہ 4ماہ سے بند پڑا ہے، جس کے باعث درجنوں بچے تعلیم سے محروم ہو چکے ہیں۔
سکول کی عمارت انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے جبکہ صحن میں قد آور جڑی بوٹیاں اور جنگلی گھاس اُگ آئی ہے جو نہ صرف ماحول کو غیر تعلیمی بناتی ہیں بلکہ کسی بھی وقت خطرناک جانوروں کی پناہ گاہ بھی بن سکتی ہیں۔
والدین کے مطابق بچے روزانہ سکول کے گیٹ تک آتے ہیں مگر تعلیم کے بجائے مایوسی اور ناامیدی کے ساتھ واپس لوٹ جاتے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ ہمارے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے۔
علاقہ مکینوں اور والدین نے حکومت پنجاب اور محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے سکول کو کھلوائیں اور اساتذہ و بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ بچوں کی تعلیم کا سفر دوبارہ شروع ہو سکے۔