ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار، آلودگی میں بھی کمی

شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار، آلودگی میں بھی کمی
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

افشاں رضوان:لاہور میں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دن بھر 8 سے 16 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ اس وقت ہوا کی رفتار 14 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

 فضائی آلودگی میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) بہتر سطح پر آ گیا ہے، جو شہریوں کے لیے خوش آئند خبر ہے۔

دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، شمال مشرقی و مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

  محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

 پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ جنوبی و وسطی علاقوں میں آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، مری، گلیات، راولپنڈی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں کہیں کہیں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

 خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور چترال، سوات، ایبٹ آباد، پشاور اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

  سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، جبکہ بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے، البتہ ژوب، لورالائی اور گردونواح میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

 کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے۔