سٹی42:غزہ میں حماس کی سرنگ میں جانے والے دو اسرائیلی فوجی بم کے دھماکے میں مارے گئے۔
اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز غزہ میں 2 فوجیوں کےحماس کی سرنگ میں بوبی ٹریپ سے مارے جانے کی تصدیق کردی۔
غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں ہفتے کے روز ایک سرنگ کے دہانے پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک کیپٹن سمیت دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
یہ اہلکار فوج کے ایلیٹ ’یہالوم‘ انجینیئرنگ یونٹ سے تعلق رکھتے تھے اور گولانی بریگیڈ کے ماتحت کام کررہے تھے۔
اسرائیلی فوج کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق اہلکار ایک عمارت کے اندر سرنگ کے داخلی راستے کا معائنہ کر رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دو فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
غزہ میں جنگ کے دوران مرنے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد اب بڑھ کر 416 ہو گئی ہے۔
ایک اور واقعے میں شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کی یروشلم بریگیڈ سے تعلق رکھنے والا ایک ریزرو فوجی شدید زخمی ہو گیا۔
کل ہفتے کے ہی روز غزہ شہر کے مشرق میں ایک اسرائیلی فوجی کیمپ میں ہونے والے دھماکے میں 401 آرمرڈ بریگیڈ کے دو اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ دھماکا ایک ٹینک کا گولا وقت سے پہلے پھٹنے کے سبب ہوا۔