(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے وزراء کی تنخواہوں سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیااوراس حوالے سےآرڈیننس بھی جاری کردیاہے۔
رپورٹ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس سلسلے میں وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت کی تنخواہ و مراعات ترمیمی آرڈیننس 2025جاری کردیاہے، آرڈیننس کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2025 ءسے ہوگا۔
آرڈیننس کے ذریعے وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہیں رکن اسمبلی کے برابرہوگئی ہیں،وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری سے نافذ العمل ہوگا۔
آرڈیننس کے بعد وفاقی وزراء کی تنخوا ہ2 لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار جبکہ وزیر مملکت کی تنخواہ 1 لاکھ 80 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے کردی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ نے مارچ میں وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی تھی،صدر مملکت کی جانب سے جاری آرڈیننس کے بعد وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں 188فیصد اضافہ کیا گیاہے۔