راؤ دلشاد:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت کے رمضان نگہبان پیکیج کی تقسیم کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور تمام مستحق افراد کو امدادی رقم بغیر کسی مشکل کے دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ رمضان کے دوران افطاری پر حصہ لینے والے افراد کی تعداد 15 لاکھ 78 ہزار 578 ہو گئی ہے۔مجموعی طور پر 26 لاکھ 8 ہزار 192 نگہبان کارڈز لوگوں تک پہنچائے گئے ہیں۔23 لاکھ 2 ہزار 540 نگہبان کارڈز دہلیز تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ 19 لاکھ 68 ہزار 829 کارڈز کیش کرائے جا چکے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کے چپے چپےمیں بلا تفریق ترقیاتی کام جاری ہیں اور مریم نواز کی ناقدین بھی ان کی کارکردگی کی معترف ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ حکومت کی یہ کوششیں مستحقین کی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں، تاکہ رمضان کے مقدس مہینے میں ہر فرد کو سہولت اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔