وزیراعلیٰ محسن نقوی نے طلبا وطالبات کو بڑا ریلیف دیدیا

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے: وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میٹروبس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین پر سفر کرنے و الے طلبا وطالبات کے لئے بڑا ریلیف دیتے ہوئے کہا کہ میٹروبس سروس او راورنج لائن میٹرو ٹرین پر طلبا وطالبات کو فری سفر کی سہولت دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 8واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگران کابینہ نے صوبے میں میرٹ کے فروغ اور سفارش کلچر کے خاتمے کے لئے تاریخ ساز فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ کابینہ نے محکموں میں رولزنرم کر کے محکمانہ کمیٹیوں کے ذریعے بھرتیوں کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
اجلاس میں پنجاب کابینہ نے گندم خریداری پالیسی برائے 2023-24 کی منظوری بھی دے دی، جس کے بعد  پنجاب بھر میں گندم خریداری مہم کا آغاز 10 مارچ سے کیا جائے گا اور پنجاب حکومت 35 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدے گی۔ صوبہ بھر میں گندم خریداری کے لئے 395سنٹرز بنائے جائیں گے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے گندم کو روزانہ کی بنیاد پر گندم خریداری مہم کاجائزہ لینے کی ہدایت دے دی۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میٹروبس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین پر سفر کرنے و الے طلبا وطالبات کے لئے بڑا ریلیف دیتے ہوئے کہا کہ میٹروبس سروس او راورنج لائن میٹرو ٹرین پر طلبا وطالبات کو فری سفر کی سہولت دی جائے گی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو طلبا وطالبات کیلئے فری سفر کی سہولت دینے کے لئے سمری جلد بھجوانے کی ہدایت دے دی۔

اجلاس میں پنجاب کابینہ نے میٹروبس پر سفر کرنے والے مزدوروں کے لئے بھی احسن ا قدام اٹھایا،کابینہ نے میٹروبس سروس کو صبح ساڑھے 6بجے کی بجائے صبح 6بجے چلانے کا پلان طلب کرلیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہزاروں مزدور میٹروبس پر سفر کرتے ہیں اور انہیں 7بجے اپنے کام پر پہنچنا ہوتا ہے، 6بجے صبح میٹروبس سروس شروع ہونے سے ہزاروں مزدور بروقت منزل مقصود پرپہنچ سکیں گے۔

اجلاس میں محکمہ خوراک کے فوڈ آپریشن کے حوالے سے سرکلر ڈیٹ میں 300ارب روپے کمی کے پلان کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ نان اے سی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر نظرثانی کے لئے وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اجلاس میں راولپنڈی، اسلام آباد اور مری کیلئے جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔ 
اس کے علاوہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس کی 3 سالہ آڈٹ رپورٹس کی منظوری دی گئی جبکہ لاہور گیریژن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے پر تعیناتی کی منظوری بھی دے دی گئی۔

واضح رہے کہ اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

Bilal Arshad

Content Writer