ویب ڈیسک : کل خطبہ حج میدان عرفات میں موجود مسجد نمرہ میں دیا جائے گا ، خطبہ حج کو 35 زبانوں میں ترجمہ کیا جائے گا، 5 جون کو ہونے والے حج میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے زیادہ ہونے کی پیش گوئی ہے ،جس کی وجہ سے سعودی حکومت نے میدان عرفات میں حاجیوں کو گرمی سے بچانے کے خصوصی انتظامات کیے ہیں اور ان کو خیموں میں ہی رہنے کی اپیل کی ہے
دنیا بھر سے فرزندگان توحید حج کے فریضے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے جہاں جھلسا دینے والی گرمی کو دیکھتے ہوئے خصوصی انتظامات کیے گئے۔عرب میڈیا کے مطابق مناسک حج کی ادائیگی کے دوران مملکت کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرجانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔جس کے پیش نظر خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اللہ کے مہمانوں کی شدید گرمی میں کسی بھی قسم کی تکلیف سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔سعودی فرمانروا کے حکم پر متعدد اقدامات بروئے کار لا جارہے ہیں اور ساتھ ہی عازمین حج کو موسم سے متعلق آگاہی اور حفاظتی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کی جا رہی ہیں تاکہ مناسک حج کی ادائیگی میں کوئی دشواری نہیں ہو۔سعودی حکومت نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ جمعرات کے روز میدان عرفات میں شدید گرمی سے بچنے کے لیے اپنے خیموں سے صبح 10 سے شام 4 بجے تک باہر نکلنے سے گریز کریں۔سعودی وزارت صحت نے کہا کہ عرفات کے دن عازمین حج پہاڑوں پر چڑھتے ہیں۔ جس میں کافی مشقت کرنا ہوتی ہے اور گرمی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور پہاڑ پر کھلے آسمان تلے عبادت کرتے ہیں۔
حرمین انتظامیہ کے تحت دینی امور کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ بن حمید یوم عرفہ کا خطبہ دیں گے۔ ایوان شاہی نے انہیں ذمہ داری تفویض کی ہے۔خطبہ حج کو اردو، انگلش، فارسی، فرانسیسی، ترکی، چینی، روسی، بنگالی، انڈونیشیئن اور دیگر زبانوں سمیت 35 زبانوں میں ترجمہ کر کے نشر کرنے کا انتظام مکمل کر لیا گیا ہے ،اس اقدام سے تقریباً 50 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ ضیوف الرحمن کے تجربے کو قیمتی بنایا جائے گا اور خطبہ حج کے پیغام کو عالمی سطح پر متعدد زبانوں میں پہنچایا جائے گا۔ اس طرح اعتدال کا پیغام پوری دنیا تک پہنچ سکے گا۔

میدان عرفات: مسجد نمرہ میں حجاج کے لیے خصوصی انتظامات
سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشاد نے میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ میں حجاج کرام کے استقبال کے لیے انتظامات مکمل کرلیے۔ سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق یوم عرفہ کے موقع پر مسجد میں ایک لاکھ 25 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر اعلیٰ معیار کے قالین بچھائے گئے ہیں۔

زائرین کی سہولت کے لیے مسجد کے صحن میں 19 جدید سائبان نصب کیے گئے ہیں جو درجہ حرارت میں اوسطاً 10 ڈگری کی کمی کرتے ہیں، اس کے علاوہ فرش پر بھی سورج کی تپش کو منعکس کرنے والا رنگ لگایا گیا ہے۔مسجد کے بیرونی صحن میں 117 فوگ فین نصب کیے گئے ہیں جو درجہ حرارت میں اوسطاً 9 ڈگری کی کمی کا باعث بنتے ہیں۔مسجد کے اندر تازہ ہوا کے گزر اور ائیر کنڈیشنگ نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے اور اس میں ایک نیا کنٹرول سسٹم شامل ہے جو کاربن ڈائی آکسائیڈ کی سطح پر نظر رکھتا ہے اور ائیر پیوریفائرز کو چلاتا ہے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق حجاج کرام کو پینے کے ٹھنڈے پانی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 70 جدید کولر نصب کیے گئے ہیں جن میں سے ہر ایک کولر ایک گھنٹے میں 2 ہزار حجاج کو ٹھنڈا پانی فراہم کر سکتا ہے۔

مسجد نمرہ کو جدید صوتی نظام اور سکیورٹی کیمروں سے بھی آراستہ کیا گیا ہے تاکہ زائرین کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔خیال رہے کہ عازمین حج آج منیٰ میں ظہر ، عصر ، مغرب اور عشاء کی نماز ادا کریں گے۔ عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کے رکن اعظم ، وقوف کے لیے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے پھر حجاج کرام سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔