احمد منصور: پاکستان نے جدید طبی سائنس کے میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلی بار CAR-T Cell Therapy کامیابی سے انجام دے دی۔ مسلح افواج کے بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر میں ہونے والے اس جدید علاج کے بعد 21 سالہ مریض صحت یابی کی جانب گامزن ہے۔
آرمی میڈیکل کور کے ماہرین نے برسوں کی تحقیق اور تیاری کے بعد پاکستان میں پہلی مرتبہ CAR-T سیل تھراپی کو کامیابی سے مکمل کیا، جسے کینسر کے جدید ترین اور مؤثر علاج میں شمار کیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کامیابی سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کا طبی شعبہ اب پیچیدہ اور جدید بیماریوں کے علاج کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ مریض اور اس کے اہل خانہ نے بھی علاج کے دوران مثالی حوصلے اور تعاون کا مظاہرہ کیا۔
اس پیش رفت کے بعد پاکستان ان ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جہاں جدید CAR-T سیل تھراپی دستیاب ہے، جو ملک کے طبی شعبے کے لیے ایک اہم کامیابی اور قومی اعتماد میں اضافے کا باعث قرار دی جا رہی ہے۔