جمال الدین:پرویز الہٰی کے گھر پر چھاپےکے دوران پولیس پر حملہ اور پٹرول بم پھیکنے کےکیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔
تفتیشی افسر نے نشاندہی کی کہ پرویز الہٰی کی گرفتاری نہیں ڈالی اس لیے مقدمے کا ریکارڈ کیسے پیش کیا جاسکتا ہے۔ سرکاری وکیل نے کہا پرویز الہٰی کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت قبل از وقت ہے ۔
پرویز الہٰی دیگر مقدمات میں گرفتار ہوئے اور جیل بھجوائے گئے۔اس مقدمے میں ان کی گرفتاری نہیں ڈالی گئی ۔پرویز الہٰی سے ابھی تفتیش بھی شروع نہیں ہوئی ۔جب تک ملزم کیس میں گرفتار ہو کر جیل نہ جائے وہ بعد از گرفتاری درخواست ضمانت دائر نہیں کر سکتا ۔
عدالت نے پولیس کے اعتراض پر درخواست ضمانت کو نا قابل سماعت ہونے پر خارج کر دیا۔ پرویز الہٰی کے خلاف تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمہ درج ہے۔
واضح رہے کہ 29 اپریل کو پولیس سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے ان کے گھر گئی تو گھر کے اندر سے پولیس پارٹی پر پٹرول بم پھینکے گئے تھے اور پتھراو کیا گیا تھا۔
اس کے بعد پولیس کی بکتر بند گاڑی پرویز الٰہی کے گھر کا مرکزی گیٹ توڑ کرگھر کے ا ندر داخل ہوگئی لیکن گھر سے ان کو گرفتار نہ کر سکی تھی۔ بعد ازاں پولیس نے سابق وزیراعلیٰ پر پولیس پارٹی پر حملہ کرنے اور پٹرول بم پھینکنے کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔