نوازشریف کو سزا سنانے والے سابق جج ارشد ملک کورونا سے جاں بحق

نوازشریف کو سزا سنانے والے سابق جج ارشد ملک کورونا سے جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف) سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس میں سزا سنانے اور فلیگ شپ ریفرنس میں بری کرنے والے سابق جج ارشد ملک کورونا سے جاں بحق ہوگئے،  احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر تھے، ارشد ملک کی نماز جنازہ انکے آبائی گاؤں مندرہ گوجرخان میں ادا کی جائے گی۔

واضح رہےکہ جج ارشد ملک نے دسمبر 2018 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ سٹیل مل کے مقدمے میں سات سال قید کی سزا سنائی تھی، اس فیصلے کے بعد سابق حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے ان کی ایک مبینہ ویڈیو جاری کی تھی جس میں انھیں کہتے ہوئے سنا گیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ سٹیل ملز کے مقدمے میں سزا دینے کے لیے ان پر دباؤ تھا۔

اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ارشد ملک کو ان کے مس کنڈکٹ کی وجہ سے احتساب عدالت کے جج کے طور پر کام کرنے سے روکتے ہوئے اُنھیں لاہور ہائی کورٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا تھا، ارشد ملک ڈیپوٹیشن پر اسلام آباد میں تعینات ہوئے اور وہ لاہور ہائی کورٹ کے ہی ماتحت تھے۔

ارشد ملک کی ویڈیو منظر عام آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اُنھیں واپس لاہور ہائی کورٹ بھیجنے کی بجائے وفاقی وزارت قانون میں بطور او ایس ڈی رکھ لیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا تھا، ویڈیو سامنے آنے کے بعد ارشد ملک نے ایک بیانِ حلفی دیا تھا جس میں انھوں نے نواز شریف کے بیٹے سے ملاقات کا اعتراف کیا تھا۔جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے ارشد ملک کو برطرف کر دیا تھا، برطرف جج نے ملازمت پر بحالی کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں اپیل بھی دائر کر رکھی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer