ویب ڈیسک :وزیرِاعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نےسکولوں میں فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم کی منظوری دے دی۔
مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت محکمۂ سکول ایجوکیشن کا اجلاس ہوا جس میں وزیرِ تعلیم سندھ سردار شاہ، چیف سیکرٹری اور دیگر نے شرکت کی،دورانِ اجلاس وزیرِ اعلیٰ سندھ کو وزیرِ تعلیم نے فریمز سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیرتعلیم سندھ سردار علی شاہ نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈیٹا پر مبنی گورننس سے تعلیمی انتظام مزید مؤثر ہو گا، سسٹم کے نفاذ کے لیے تمام تکنیکی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، پہلے مرحلے میں صوبے کے ہر ڈویژن سے ایک ضلع منتخب کیا گیا ہے,محدود انٹرنیٹ والے علاقوں میں بھی فریمز کا سسٹم مؤثر انداز میں فعال رہے گا، سکولوں کی جیو ٹیگنگ مکمل کی ہے،اساتذہ کی آمد و روانگی کا ریکارڈ خودکار ہو گا، سسٹم کے ذریعے حاضری کا ریکارڈ محفوظ، درست اور ناقابلِ رد و بدل ہو گا۔
وزیرِاعلیٰ سندھ نے اس موقع پربتایا کہ منتخب کیے گئے 6 اضلاع میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے اور اب 17 اگست سے ان 6 اضلاع میں فریمز کا باقاعدہ آغاز ہو گا،فریمزسے اساتذہ اورعملے کی حاضری فیشل ریکگنیشن سے مانیٹر کی جائے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اساتذہ کی حاضری بہتر تعلیمی نتائج کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، ہر بچے کا حق ہے کہ اسے معیاری تعلیم فراہم کی جائے اور معیاری تعلیم کے لیے ضروری ہے کہ اساتذہ اور اسکول کا عملہ ذمہ داریاں ادا کرے،ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیمی نظام میں احتساب کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
وزیرٍ اعلیٰ سندھ نے ابتدائی مرحلے میں مؤثر سپورٹ اور مانیٹرنگ سسٹم قائم کرنے کی ہدایت جاری کی اورکہاکہ سکول انتظامیہ کو تمام ضروری تکنیکی معاونت فراہم کی جائے۔
سیدمراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کامیاب نفاذ کے بعد سسٹم کو مرحلہ وار سندھ کے تمام اضلاع تک توسیع دی جائے گی،انہوں نے فریمز کوتعلیمی شعبے میں اہم گورننس اصلاح قرار دیتے ہوئے کہا کہ فریمز سے سکولوں میں شفافیت، احتساب اور مؤثر نگرانی کو فروغ ملے گا، فریمز سے نگرانی کرنے پر ادارہ جاتی نظم و ضبط اور تعلیمی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔