انور عباس : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا بحرینی ہم منصب ڈاکٹر عبد اللطیف بن رشید الزیانی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان اور بحرین کا خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتکاری اور مکالمے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے 'پانچ نکاتی اقدام' پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن کے لیے پاک چین فارمولا انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔
بحرینی وزیر خارجہ کی جانب سے خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی گئی۔ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی فورمز پر تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا۔اس کے علاوہ پاکستان اور بحرین کا مستقبل میں بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا گیا۔