درِنایاب:ایل ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریاز میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے، گارڈن ٹاؤن میں رہائشی گھر کو مبینہ طور پر کمرشل دکانوں میں تبدیل کیے جانے کا معاملہ سامنے آگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق علامہ شبیر عثمانی روڈ پر واقع ایک پلاٹ پر موجود گھر کے اسٹرکچر کو تبدیل کرکے دکانیں بنادی گئیں اور گھر کے فساڈ میں تبدیلی کے بعد نئے شٹرز بھی نصب کردیئے گئے۔ مذکورہ عمارت گارڈن ٹاؤن کے ٹاؤن پلاننگ زون تھری میں واقع ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ غیر قانونی تعمیر کے پیچھے ڈائریکٹر ہاؤسنگ لیول کے ایک افسر کی سفارش بھی شامل ہے۔
دوسری جانب ڈی جی ایل ڈی اے نے غیر قانونی عمارتوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق شعبہ ٹاؤن پلاننگ کے افسران کی مبینہ غفلت یا سرپرستی کے باعث پائن ایونیو، رائیونڈ روڈ اور اڈا پلاٹ سمیت مختلف علاقوں میں کمرشل سرگرمیوں اور تعمیرات نے شکل اختیار کی، جبکہ اب فیصل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن اور گلبرگ میں بھی غیر قانونی تعمیرات کے معاملات سامنے آرہے ہیں۔