( فہد علی ) مانگا منڈی کے قریب زمین کے تنازعہ پر دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، ورثا نے میتیں میں روڈ پر رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔
زمین کے تنازعہ پر ملزمان کی فائرنگ سے شان خان اور حسین جاں بحق ہوگئے۔ ورثا نے میتیں مانگا منڈی مین روڈ پر رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔ ورثا کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی اور نہ ہی ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
احتجاج کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی جس کے باعث شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔
ادھر تھانہ مزنگ کے علاقے میں سترہ سالہ نوجوان نے گلے میں پھندہ ڈال کر خودکشی کر لی۔ پولیس کے مطابق انہیں اطلاع ملی کہ مزنگ مین بازار کے علاقے میں 17 سالہ احسن نامی نوجوان نے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کر لی ہے جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ورثا کے ابتدائی بیان کے مطابق احسن نے نامعلوم وجوہات پر خودکشی کی جبکہ مزید حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سامنے آئیں گے۔