سٹی42: پنجاب انٹر کلب ویمنز چیمپئن شپ میں گوجرانوالہ کی مایہ ناز ویٹ لفٹر اور ریسلر سحر وائیں نے بہترین ویٹ لفٹر کا اعزاز جیت لیا۔
گوجرانوالہ میں "پنجاب انٹر کلب سینئر مینز اینڈ ویمنز ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ" منعقد ہوئی جس میں صوبہ بھر سے ویٹ لفٹٹنگ کلبوں نے اپنی ٹیمیں بھیجیں۔ شاندار مقابلے ہوئے، گوجرانوالہ کے ویٹ لفٹنگ فینز سے صوبہ بھر سے آئے ہوئے ویٹ لفٹرز کو بھرپور داد دی۔
آج یہ چیمپئین شپ شاندار کامیابی کے ساتھ محمود شہید ویٹ لفٹنگ کلب، سیٹلائٹ ٹاؤن، گوجرانوالہ میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں برادرز ویٹ لفٹنگ کلب کی مایہ ناز ویٹ لفٹر اور ریسلر سحر صبغت وائیں کو بہترین وومن ویٹ لفٹر قرار دیا گیا۔
ایونٹ کے میڈیا کوآرڈینیٹر سہیل بٹ نے بتایا کہ سحر وائیں نے 58 کلوگرام کٹیگری میں چیمپئین شپ میں شرکت کی۔ سحر وائیں نے مجموعی طور پر 123 کلوگرام وزن اٹھایا؛ سنیچ میں 50 کلو گرام اور کلین اینڈ جرک میں 73 کلو گرام اٹھا کر سبیسٹ وومن ویٹ لفٹر کا اعزاز حاصل کیا- انہیں سونے کا تمغہ اور خواتین کے لیے چیمپئن شپ کا سب سے بڑا انفرادی اعزاز دیا گیا۔

سحر وائیں پاکستان ویمن سپورٹس ایرینا میں دمکتا ہوا ستارہ ہیں جو جوڈو میں درجنوں میڈل جیتنے کے بعد ویٹ لفٹنگ کی طرف متوجہ ہوئیں اور ویمن ریسلنگ کی گوجرانوالہ میں پائینئر کھلاڑی بھی ہیں۔ سحر وائیں کئی انٹرنیشل ایونٹس میں پاکستانی ویمن کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ وہ انٹرنیشنل جمناسٹ صبغت اللہ وائیں کی صاحبزادی ہیں اور قانون کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔
گوجرانوالہ ڈویژن ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے بینر تلے ہونے والے تین روزہ ایونٹ کا افتتاح سابق وزیر دفاع، گوجرانوالہ میں سپورٹس کمیونٹی کے سرگرم فین انجینئر خرم دستگیر خان نے کیا تھا۔
تقسیم انعامات کی خصوصی تقریب کی صدارت گوجرانوالہ ڈویژن کے کمشنرسید نوید حیدر شیرازی نے کی۔
پنجاب کے بہترین ویٹ لفٹرز کی اس منفرد چیمپئن شپ نے تماشائیوں اور ویٹ لفٹنگ سے لگاؤ رکھنے والی فیملیز کی بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ تین دن تک ایونٹ کے مقابلے دیکھنے کے لئے فینز کا ہجوم جمع رہا جس سے مسابقتی ماحول میں گرمجوشی رہی اور خوب رونق رہی۔
اس ایونٹ کو دیکھنے والی خاص ہستیوں میں پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی چیئرپرسن میڈم نزہت جبیں، کرنل (ر) محمد آصف ڈار، سیکرٹری پی ڈبلیو ایل اے عقیل جاوید بٹ، آرگنائزنگ سیکرٹری مقصود امجد راٹھور، کوچ اظہر عامر بٹ، انٹرنیشنل اتھلیٹ راشند ندیم بٹ، نازش سلیم بٹ اور محمد اسلام ناطق کے علاوہ دیگر بہت سی سپورٹس پرسنیلیٹیز بھی شامل تھیں۔

خواتین کے تمغے جیتنے والی اتھلیٹس - جھلکیاں
سحر سبغت وائیں، برادرز ویٹ لفٹنگ کلب گوجرانوالہ، 58 کلوگرام کیٹیگری، 123 کلوگرام ٹوٹل، 50 کلو سنیچ+73 کلو کلین اینڈ جرک، گولڈ میڈل اور بہترین خاتون ویٹ لفٹر کا ایوارڈ
زینب، چوہدری محمد امین کلب گوجرانوالہ، 86 کلوگرام کیٹیگری، 122 کلوگرام ٹوٹل، 52 کلو سنیچ+70 کلو کلین اینڈ جرک، گولڈ میڈل۔
زمر مغل، +86 کلو گرام کیٹیگری، گولڈ میڈل


فاطمہ اکرم، رفیق اسپورٹس کلب، ٹوٹل 117 کلوگرام، 50 کلو سنیچ+67،کلو کلین اینڈ جرک۔ گولڈ میڈل
نیشنل ویٹ لفٹنگ کلب (پنجاب اسٹیڈیم) کے اضافی طلائی تمغہ جیتنے والوں میں شامل ہیں: زینت اشرف (48 کلوگرام)، ایمان فاطمہ (53 کلوگرام)، بسمہ (63 کلوگرام)

