سٹی 42 : خیبر پختونخوا میں کیے جانے والے دو کامیاب آپریشنز کے دوران پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دراندازی کی کوشش کرنے والے فتنہ الخوارج کے 3 دہشتگرد جہنم واصل کردیے۔
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دو خوارج ہلاک کردیے، بتایا گیا ہے کہ دونوں دہشت گرد بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے وابستہ تھے۔ ہلاک ہونے والے خوارج میں ایک افغان شہری قاسم تھا، جو افغان بارڈر پولیس میں خدمات انجام دے چکا تھا۔
علاوہ ازیں ٹانک میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کے دوران ایک اور خارجی مارا گیا، ہلاک دہشتگرد کی شناخت افغان شہری اکرام الدین عرف ابودجانہ کے نام سے ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ افغان شہریوں کی پاکستان میں دہشتگردی میں شمولیت کا ایک اور ثبوت ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔ ’عزمِ استحکام‘ کے تحت بھارت نواز دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا۔ پاکستانی فورسز سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔
سورس : آئی ایس پی آر