ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ہارلے ڈیوڈسن کا بڑا فیصلہ: 88 ہزار موٹر سائیکلیں واپس طلب

ہارلے ڈیوڈسن کا بڑا فیصلہ: 88 ہزار موٹر سائیکلیں واپس طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ٰڈیسک: امریکی موٹرسائیکل کمپنی ہارلے ڈیوڈسن نے ممکنہ تکنیکی خرابی کے باعث اپنے ہزاروں یونٹس مارکیٹ سے واپس منگوانے کا فیصلہ کیا ہے، جسے حفاظتی نقطۂ نظر سے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس مسئلے سے سواروں اور اطراف میں موجود افراد کو نقصان پہنچنے کا خدشہ موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق کمپنی نے تقریباً 88 ہزار 39 موٹر سائیکلیں ری کال کرنے کا اعلان کیا ہے، جن میں 2024 سے 2026 تک کے مختلف ماڈلز شامل ہیں۔ اس حوالے سے نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے، جس نے اس اقدام کی تصدیق کی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ خرابی انجن کے آئل سسٹم سے متعلق ہے، جہاں ڈِپ اسٹک نکالنے پر تیل اچانک دباؤ کے ساتھ باہر آ سکتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ ایئر باکس بیس پلیٹ میں موجود بریتھر پورٹ کا بلاک ہونا بتایا گیا ہے، جو عام حالات میں انجن کے دباؤ کو متوازن رکھنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

متاثرہ ماڈلز میں روڈ گلائیڈ، اسٹریٹ گلائیڈ، بریک آؤٹ، فیٹ بوائے سمیت دیگر بائیکس شامل ہیں، جبکہ بعض ماڈلز صرف 2026 کے لیے مخصوص ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ خرابی تقریباً 0.4 فیصد موٹر سائیکلوں میں ہو سکتی ہے، تاہم احتیاط کے طور پر تمام متاثرہ یونٹس کی جانچ ضروری قرار دی گئی ہے۔

ہارلے ڈیوڈسن نے واضح کیا ہے کہ مجاز ڈیلرز متاثرہ بائیکس کا معائنہ کریں گے اور اگر کوئی نقص پایا گیا تو اسے بغیر کسی فیس کے درست کیا جائے گا۔ اس حوالے سے کمپنی 11 مئی 2026 سے صارفین کو باقاعدہ آگاہی خطوط بھی ارسال کرے گی۔