’’مارکیٹیں کھولنے کا فیصلہ لاہور چیمبر کی مشاورت سے کریں گے‘‘

’’مارکیٹیں کھولنے کا فیصلہ لاہور چیمبر کی مشاورت سے کریں گے‘‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر، قذافی بٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مزدور کے مسائل کا ادراک ہے، کاروبار اور صنعتوں کو کھولنے کے لئے وفاقی حکومت کو سفارشات پیش کررہے ہیں، وزیراعلیٰ آفس میں ویڈیولنک پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب وفاقی حکومت کو لاک ڈاون میں نرمی کے بارے میں سفارشات پیش کررہی ہے جس کا فیصلہ نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت سے گزارش کی ہے کہ روڈ سیکٹراور بلڈنگ کے علاوہ کنسٹرکشن سے متعلقہ دیگر انڈسٹری کو کھولنے کی اجازت دی جائے، ایکسپورٹ سیکٹر سے منسلک فیڈنگ انڈسٹری کو بھی کھولنے کی سفارش کی گئی ہے، پاور لومزاورایسی تمام فیکٹریز جن کے اندر اپنی لیبر کالونیاں موجود ہیں انہیں بھی کھولنے کی درخواست کی گئی ہے، آئرن اینڈ سٹیل انڈسٹری اور ہوم اپلائسسز انڈسٹری کو کھولنے کے بارے میں سفارش کی گئی ہے۔

 وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں کو زونز میں تقسیم کر کے مختلف ایام میں کھولنے کے حوالے سے وفاقی حکومت کو اپنی سفارشات پیش کی گئی ہیں جن کے تحت ضلعی ا نتظامیہ، ا نجمن تاجران، چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مارکیٹیں اور بازار کھولنے کی اجازت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ فیزون میں ابتدائی طو رپر صوبے کے 6 اضلاع لاہور، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد میں سمارٹ سیمپلنگ کا آغاز کیا جا رہا ہے، سمارٹ سیمپلنگ کے تحت میڈیا ہاوسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، انتظامی ا فسران کے دفاتر، ہیلتھ ورکرز، ٹی بی اور ایڈ ز کے مریضوں، ہسپتالوں میں زیر علاج حاملہ خواتین اورجیلوں میں بند قیدیوں کے کورونا ٹیسٹ کئے جائیں گئے۔

  عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت 62 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی 8 بی ایس ایل تھری لیب فنکشنل ہو چکی ہیں اور اب روزانہ 6 ہزار کورونا ٹیسٹ کرسکیں گے، گزشتہ روز پنجاب حکومت نے 3700 ٹیسٹ کئے ہیں، پنجاب میں اس وقت کورونا ٹیسٹنگ کٹس، پی پی ایز کٹس او ربیڈز کی کوئی کمی نہیں۔

 وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایکسپو سنٹر میں مبینہ بد انتظامی کے بارے میں انکوائری کا حکم دیا جا چکا ہے اورجلد انکوائری رپورٹ آجائے گی، کورونا مریضوں کے ساتھ ہیں ان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت ابھی تک 28 لاکھ خاندانوں میں 34ارب روپے تقسیم  کئے جا چکے ہیں اور امداد کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ اگلے ہفتے سے انصاف امداد پیکیج کے تحت 25 لاکھ خاندانوں میں 12 ہزار فی کس امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی، اس کے علاوہ مزید 10لاکھ خاندانوں کو رمضان پیکیج کے تحت 3ہزار روپے فی کس دئیے جائیں گے۔

 صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں اسلم اقبال نے بھی صحافیوں کے سوالوں کے جواب دئیے۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، میا ں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، فیاض الحسن چوہان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے  صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اورچیئرمین ٹیوٹا علی سلمان نے ملاقات کی، چیئرمین ٹیوٹا علی سلمان نے افسروں، اساتذہ اورعملے کی جانب سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول میں 72لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فنڈ کیلئے چیک دینے پرٹیوٹا کے افسروں، اساتذہ اور عملے کے جذبے کی تعریف کی، علی سلمان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ٹیوٹا کے اداروں میں تیار کردہ ماسک، شیلڈ، سینی ٹائزر اور حفاظتی لباس بھی پیش کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مقامی طورپرتیارکردہ سازوسامان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ٹیلی فون کیا اور کورونا سے متاثرہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی خیریت دریافت کی، وزیر اعلی عثمان بزدار نے اسد قیصر سے ان کے بیٹے اور بیٹی کی بھی خیریت دریافت کی اورسب کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سپیکر قومی اسمبلی ان کے بیٹے اور بیٹی کی صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو جلد کورونا سے صحت یاب کرے، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خیریت دریافت کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔

Shazia Bashir

Content Writer