کلیم اختر: مریم نواز راشن کارڈ نہ رکھنے والے محنت کشوں کو بھی ریلیف دے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سوشل سکیورٹی سے رجسٹرڈ محنت کشوں کو ریلیف فراہم کر دیا گیا، جبکہ رجسٹرڈ محنت کش رمضان میں 10 ہزار روپے حاصل کر سکیں گے۔
بینک آف پنجاب نے 10 ہزار کی ادائیگی کے لیے طریقہ کار وضع کر دیا، جبکہ بینک کی جانب سے رجسٹرڈ محنت کشوں کو 6 ہندسوں پر مشتمل پن کوڈ بھی بھیج دیا گیا ہے۔
محنت کش پن کوڈ اور شناختی کارڈ کی مدد سے پیسے حاصل کر سکیں گے۔
مزید برآں 10 ہزار روپے پر کسی بھی قسم کی کٹوتی نہیں ہوگی اور محنت کش پوری رقم وصول کریں گے۔ سوشل سکیورٹی سے رجسٹرڈ 12 لاکھ سے زائد محنت کشوں کو رقم کی تقسیم جاری ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے راشن کارڈ پروگرام کے تحت کارڈز کی تقسیم کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ تقسیم کی موجودہ صورت حال پر اعلیٰ سطحی بریفنگ بھی دی گئی تھی۔
بریفنگ میں بتایا گیاتھا کہ اب تک لاکھوں محنت کشوں میں راشن کارڈ تقسیم کیے جا چکے ہیں اور مزید مستحق افراد کو شامل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
حکام کے مطابق ماہِ رمضان میں مریم نواز راشن کارڈ پر ’’نگہبان رمضان پیکج‘‘ کی خصوصی سہولت بھی میسر ہوگی۔ اس دوران ہر محنت کش کو معمول کے 3 ہزار روپے کے بجائے 10 ہزار روپے منتقل کیے جائیں گے تاکہ وہ مہنگائی کے دباؤ میں بہتر انداز سے اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔