سعید احمد:مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان کے متعدد ایئرپورٹس سے پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، ملتان، فیصل آباد اور کوئٹہ ایئرپورٹس سے یو اے ای، بحرین، قطر، کویت، شارجہ، ابو ظہبی اور دوحہ کے لیے مجموعی طور پر 116 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
لاہور ایئرپورٹ سے دبئی، ابو ظہبی، قطر، کویت اور بحرین کی 20 پروازیں، کراچی سے 32، اسلام آباد سے 28، پشاور سے 16، ملتان سے 10، فیصل آباد سے 4 اور کوئٹہ سے 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ایئر بلیو، ایمریٹس، اتحاد، ایئر عربیہ، پی آئی اے، فلائی دبئی، قطر ایئر، فلائی جناح اور دیگر ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز کی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ 4 دنوں میں 416 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک کی فضائی حدود تاحال بند ہیں۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پرواز کی موجودہ صورتحال کے بارے میں متعلقہ ایئرلائن کی ویب سائٹ یا کسٹمر سروس سے معلومات حاصل کریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔