ملک اشرف : ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی اراضی واپس لینے کیخلاف درخواست پر سماعت، ہائیکورٹ کی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو درخواست گزار کو سن کر جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت ، درخواست نمٹا دی۔
لاہور ہائی کورٹ میں گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی اراضی واپس لینے کے اقدام کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس چودھری محمد اقبال نےسیالکوٹ کے شہری نوید خالد کی دائر درخواست پرسماعت کی ۔ مؤقف اختیار کیا گیا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے ویمن یونیورسٹی کی اراضی واپس لینے کا بیان دیا، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ۔
درخواست گزار کے وکیل میاں داؤد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اراضی واپسی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، اس سلسلے میں اجلاس بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔وکیل نے استدعا کی کہ تعلیمی مقاصد کے لیے ایک بار مختص کی گئی اراضی قانونی طور پر واپس نہیں لی جا سکتی، لہٰذا عدالت اس اقدام کو غیر قانونی قرار دے۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پہلے انتظامیہ کو اس تنازع پر حتمی فیصلہ کرنے دیا جائے، ممکن ہے انتظامیہ یہ تجویز مسترد کر دے۔وکیل نے مؤقف اپنایا کہ درخواست گزار کو کوئی اعتراض نہیں، تاہم سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیا جائے۔