ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

یومِ شہادت حضرت علیؑ: پنجاب بھر میں فول پروف سکیورٹی کے احکامات جاری

یومِ شہادت حضرت علیؑ: پنجاب بھر میں فول پروف سکیورٹی کے احکامات جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

قیصر کھوکھر:  محکمہ داخلہ نے 11 مارچ کو یومِ شہادت حضرت علیؑ کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے خصوصی اور فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا حکم جاری کر دیا ۔

ذرائع کے مطابق یومِ شہادت حضرت علیؑ ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، جس کے سلسلے میں جلوس، مجالسِ عزا اور مذہبی اجتماعات منعقد ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق اس موقع پر مساجد اور امام بارگاہوں میں علمائے کرام حضرت علیؓ کی حیات اور تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے۔

 محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں کی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں جبکہ تمام مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور مزارات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق ماتمی جلوس، محافل عزا اور مساجد میں عوامی اجتماعات کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ پنجاب بھر میں آتشیں اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش پر سخت پابندی کا نفاذ کیا جائے گا جبکہ مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ مرکزی جلوسوں کی کواڈ کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ، ممتاز مذہبی و سیاسی رہنماؤں کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے جبکہ تمام قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس ادارے قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے۔

مزید برآں، ضلعی ایمرجنسی بورڈز کے فوری اجلاس طلب کرنے اور ڈسٹرکٹ ریسکیو پلان مکمل فعال کرنے کا حکم دیا گیا جبکہ فائر بریگیڈ، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ایمبولینسز اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام الناس سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ یومِ شہادت کے موقع پر امن و امان کی فضا برقرار رہے۔