عابد چودھری:تھانہ مناواں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پتنگوں اور کیمیکل ڈور کی غیر قانونی سپلائی میں ملوث ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی ایس آئی سنی بشیر کی قیادت میں عمل میں لائی گئی، جس کے دوران ملزم نوید اقبال کو مومن پورہ روڈ کے قریب اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پتنگوں اور ڈور کی سپلائی دے رہا تھا۔
ایس پی کینٹ کے مطابق ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 400 سے زائد پتنگیں اور 9 قاتل کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ آن لائن ذرائع سے پتنگیں اور ڈور منگوا کر مختلف اضلاع میں سپلائی کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ نے ایس آئی سنی بشیر اور ان کی پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔