ویب ڈیسک: سیلفی کے شوق نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، بھارت کے شہر ممبئی میں 20 سالہ نوجوان انیل ارجن سمندر کے کنارے دوستوں کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے توازن کھو بیٹھا اور سمندر میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔
تفصیلات کے مطابق انیل ارجن جو کہ جوہو جیٹی کا رہائشی تھا، ہفتے کی شام دوستوں کے ساتھ سیر کے لیے سمندر کنارے آیا تھا۔ سیلفی لیتے ہوئے وہ اچانک پھسل کر گہرے پانی میں جا گرا۔موقع پر موجود لائف گارڈز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو پانی سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کر دی۔
پولیس کے مطابق نوجوان کی فیملی نے قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ غیر محتاط طریقے سے سیلفی لینا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ دنیا بھر میں ایسے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں جہاں سیلفی کے شوق نے زندگی کو خطرے میں ڈال دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام کو سیلفی لیتے وقت احتیاط برتنے اور خطرناک جگہوں سے گریز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔